وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ دہشت گرد نہتے شہریوں اور اہم تنصیبات کو نشانہ بنا رہے ہیں، تاہم ریاست کی رٹ کو کسی صورت چیلنج نہیں ہونے دیں گے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ چاغی میں سیکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائی کی،
جس میں دہشت گرد جہانزیب نے ہتھیار ڈال دیے جبکہ دیگر دہشت گرد آپریشن میں مارے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف سخت فضائی اور زمینی کارروائیاں ناگزیر ہیں، فورسز نے متعدد حملے بروقت ناکام بنا کر بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کا امن کسی کو متاثر نہیں کرنے دیں گے، دہشت گردوں کی کمیونیکیشن روکنا ضروری ہے اور انٹرنیٹ یا فورجی سروس بند کرنے کا مقصد صرف دہشت گردی پر قابو پانا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی ایجنسی ’را‘ پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے
اور یہ جنگ ’را‘ کے ایجنڈے کے تحت مسلط کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے دو ٹوک مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کو ریاست مخالف بیانیہ بنانے میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور فتنہ الہندوستان کے ایجنٹ بلوچستان میں بدامنی نہیں پھیلا سکیں گے۔






