اسلام آباد میں وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ چھ سال کے اندر گردشی قرضے کا نام و نشان نہیں رہے گا۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ گردشی قرضہ پاکستان کے لیے وبال جان ہے، اور اس کے خاتمے کے لیے دن رات کوششیں کی گئی ہیں۔
اویس لغاری نے کہا کہ پی ٹی آئی دور حکومت میں گردشی قرضے میں ریکارڈ اضافہ ہوا، لیکن موجودہ حکومت نے ایک ہزار ارب روپے کی کمی لائی اور بجلی کے نقصانات میں واضح کمی کی۔
انہوں نے بتایا کہ آئی پی پیز کے معاہدوں پر نظرثانی کرکے اربوں روپے کی بچت کی گئی اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے نقصانات بھی کم کیے گئے۔ 1225 ارب روپے کے گردشی قرضے کو بینکوں کے ذریعے حل کیا گیا۔
وزیر توانائی نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات حکومت کی اولین ترجیح ہیں، اور گردشی قرضے کے خاتمے سے صارفین کو بجلی کی قیمتوں میں ریلیف ملے گا۔






