لاہور میں لیسکو نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے معروف گلوکار اور چیئرمین برابری پارٹی جواد احمد سے مقدمہ اور جرمانہ ختم کر دیا۔ پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جواد احمد نے بتایا کہ لیسکو نے تحریری معاہدے میں سازش کا اعتراف کیا اور انہیں کلئیرنس سرٹیفیکیٹ جاری کر دیا ہے، جبکہ پولیس کی جانب سے درج جھوٹی ایف آئی آر بھی خارج کر دی گئی۔
جواد احمد نے کہا کہ ان کی لڑائی اداروں سے نہیں بلکہ نظام کی خامیوں سے ہے۔ انہوں نے لیسکو اہلکاروں کو معاف کرتے ہوئے کہا کہ وہ اداروں کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں تاکہ عوام کو انصاف مل سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ بجلی کا میٹر صارف کی ملکیت ہے، اس لیے بغیر اجازت کوئی نہ لے جائے۔ اگر آئندہ ایسا ہوا تو وہ اسی طرح ردعمل دیں گے۔
ان کے مطابق بعض سیاسی جماعتوں نے اس معاملے پر پروپیگنڈہ کیا لیکن وہ سرخرو ہوئے اور آئین و قانون کے مطابق صادق و امین قرار دیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ غریب اور کمزور عوام کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور ملک میں انصاف کا بہتر نظام چاہتے ہیں۔
یاد رہے کہ رواں سال جنوری میں جوہر ٹاؤن میں ان کی اہلیہ کے بیوٹی پارلر میں بجلی چوری کے تنازع پر لیسکو عملے کے ساتھ تلخ کلامی کا واقعہ سامنے آیا تھا، جس میں جواد احمد پر سنگین الزامات لگائے گئے تھے۔






