شہر کے لیے 200 ارب بھی ناکافی ہیں، وزیراعظم سے مدد مانگنا پڑے گا: میئر کراچی

0
147

کراچی: میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہر کی ترقی کے لیے 200 ارب روپے بھی ناکافی ہیں اور اگر وزیراعظم سے مدد نہیں مانگوں گا تو کس سے مانگوں گا۔

کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز میں نئی کیتھ لیب کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ آج یہاں تیسرا آپریشن کیا گیا ہے، ماضی میں فیڈرل بی ایریا کے لوگوں کو علاج کے لیے این آئی سی وی ڈی جانا پڑتا تھا مگر اب یہ سہولت مقامی سطح پر فراہم کی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے لیے 20 ارب روپے کا لالی پاپ ناکافی ہے، اگر وزیراعظم 200 ارب روپے بھی خرچ کریں تو وہ بھی کم ہوں گے، میں چاہتا ہوں کہ میرے شہر کو اس کے حقوق ملیں۔

میئر کراچی نے کہا کہ پنجاب کے معاملے میں کچھ کہوں گا تو وزیراعلیٰ مریم نواز ناراض ہو جائیں گی، وہ پانی اور کینال کے مسائل پر بات کر رہی ہیں، پنجاب کے عوام مشکل میں ہیں اور ان کی تکلیف دور کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کرپشن برداشت نہیں کی جائے گی، اگر کسی ملازم پر الزام ثابت ہوا تو سخت کارروائی ہوگی، عباسی شہید اسپتال میں ایم آر آئی مشین کی مرمت کے حوالے سے ایڈوانس ادائیگی کا معاملہ بھی چیک کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت اسپتال چلائے جا رہے ہیں، مگر ملکیت حکومت کے پاس ہی ہے۔ اسپینسر آئی اسپتال میں ڈھائی ماہ کے دوران 200 آپریشن ہوئے ہیں جبکہ نئی مشینوں کے ذریعے عوام کو مفت ٹیسٹ فراہم کیے جائیں گے۔

میئر کراچی نے مزید بتایا کہ عباسی شہید اسپتال کے نئے بلاک کا افتتاح اسی ماہ کیا جائے گا، تاہم بعض سیاسی رکاوٹیں ترقیاتی منصوبوں کی راہ میں حائل ہو جاتی ہیں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا