راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع خضدار میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران چار دہشت گرد گرفتار کر لیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق کارروائی فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی، جن میں سے چار نے خواتین کا لباس پہن کر فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی فورسز نے انہیں بروقت گرفتار کر لیا۔
گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ دہشت گرد علاقے میں مختلف دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
پاک فوج کے مطابق علاقے میں دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے اور بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز پُرعزم ہیں۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ قوم کی غیر متزلزل حمایت سے دہشت گردوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔






