سندھ کے ضلع جامشورو میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث 214 اسکولوں کی عمارتیں شدید متاثر ہوکر تباہ حال ہوگئی ہیں۔
محکمہ ایجوکیشن ورکس نے ان عمارتوں کو خطرناک قرار دیتے ہوئے طلبا اور اساتذہ کی جانوں کو خطرے میں بتایا ہے اور محکمہ تعلیم کو فوری طور پر بچوں اور اسکول عملے کو متبادل عمارتوں میں منتقل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
رپورٹس کے مطابق متاثرہ اسکولوں میں سے 172 پرائمری اور 42 ہائر سیکنڈری بوائز اسکول شامل ہیں جن میں 10 ہزار سے زائد بچے زیر تعلیم ہیں۔
تاہم، محکمہ ایجوکیشن ورکس کی ہدایت کو کئی روز گزرنے کے باوجود تاحال طلبا انہی زبوں حال عمارتوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں جس سے ان کی جانوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
مقامی افراد نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ معصوم بچوں کا تعلیمی مستقبل اور زندگی محفوظ رہ سکے۔






