وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ صوبے میں 100 فیصد میرٹ پر تعیناتیاں ہورہی ہیں اور کرپشن پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ سے نیشنل سکیورٹی اینڈ وار کورس کے شرکاء اور فیکلٹی ممبران نے ملاقات کی۔ مریم نواز نے وفد کو پنجاب حکومت کے تاریخی اور فلاحی منصوبوں سے آگاہ کیا اور کہا کہ حکمران کے ہر فیصلے کا براہ راست تعلق عوام کی زندگیوں سے ہوتا ہے۔ ان کے مطابق گڈ گورننس کا بنیادی اصول خدمت اور احسان ہے، اسی لیے ای ٹینڈرنگ کے ذریعے مکمل شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وطن دھرتی ماں کی طرح ہے اور اس سے بے وفائی ناقابلِ برداشت ہے۔ پنجاب میں اب سیاسی تعیناتیاں اور اقرباپروری ختم کر دی گئی ہے۔ مریم نواز نے پاک فوج، نیوی اور ایئر فورس کو آپریشن ’’بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص‘‘ کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت عسکری قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے، سیلاب کے دوران سب سے بڑا انخلاء آپریشن مکمل کیا گیا جبکہ متاثرین کی نشاندہی کے لیے تھرمل امیجنگ ڈرونز استعمال کیے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں پہلی بار زراعت کو میکانائزیشن کی راہ پر ڈالا جا رہا ہے، کینسر کے مریضوں کے لیے جدید کوابلیشن مشین فراہم کی گئی ہے اور سموگ سے بچاؤ کے لیے 15 سموگ گنز درآمد کی گئی ہیں۔
وفد میں پاکستان آرمی، نیوی، ایئر فورس اور سول افسران کے علاوہ 26 ممالک کے 47 شرکاء شامل تھے جن میں آسٹریلیا، برطانیہ، چین، امریکا، سعودی عرب، ترکی، متحدہ عرب امارات، ایران، فلسطین اور ساؤتھ کوریا کے افسران بھی موجود تھے۔
شرکاء اور فیکلٹی ممبران نے پنجاب کے عوامی فلاحی منصوبوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبے میں جاری ترقیاتی پراجیکٹس حیران کن ہیں۔






