کوالالمپور: وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے ملائیشیا کے وزیر برائے ڈیجیٹل وائی بی توان گووبند سنگھ دیو سے پاکستان ملائیشیا بزنس اینڈ انویسٹمنٹ کانفرنس کے موقع پر ملاقات کی۔
ملاقات میں دونوں وزراء نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور تکنیکی تعاون کو فروغ دینے میں ڈیجیٹل تبدیلی کی بڑھتی ہوئی اہمیت پر زور دیا۔ اس موقع پر ای کامرس پلیٹ فارمز کو وسعت دینے، سرحد پار ڈیجیٹل خدمات کی سہولت فراہم کرنے، سائبر سکیورٹی میں تعاون بڑھانے اور مصنوعی ذہانت و جی فائیو انفراسٹرکچر جیسے شعبوں میں مشترکہ منصوبے شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
دونوں وزراء نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم کے درمیان ہونے والی ملاقات کو نتیجہ خیز قرار دیتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن (پاشا) اور نیشنل ٹیک ایسوسی ایشن آف ملائیشیا (پی آئی کے او ایم) کے درمیان ایم او یو پر دستخط سے دونوں ممالک کے درمیان ڈیجیٹل روابط مزید مستحکم ہوں گے۔
جام کمال خان اور گووبند سنگھ دیو نے مشترکہ طور پر “ٹیک کنیکٹ کانفرنس” کا افتتاح بھی کیا، جس میں ملائیشیا اور پاکستان کی نمایاں کمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
تقریب میں ایم ڈی ای سی، سائبر ویو، ملائیشیا سیمی کنڈکٹر انڈسٹری ایسوسی ایشن، پی آئی کے او ایم، اے ڈبلیو ایس اور اوریکل کے نمائندگان بھی شریک تھے۔






