وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کے حالیہ بیانات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کسی وڈیرے کی جاگیر نہیں جسے آپ ہر فورم پر سندھو دیش کہتے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ایک طرف پیپلز پارٹی سیز فائر کی بات کرتی ہے جبکہ دوسری طرف ہر گھنٹے بعد سیاسی ہوائی فائرنگ شروع کر دیتی ہے۔ ان کے بقول، ایسے رویے کے ساتھ مفاہمت اور برداشت کی توقع نہیں رکھی جا سکتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کے رہنما شعلے اگلتی زبانوں کے ساتھ بات کرتے ہیں اور جب انہیں جواب دیا جائے تو رونا شروع کر دیتے ہیں۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جمہوریت کا لیکچر ہمیں نہ دیں، آپ نے کبھی جمہوریت کی ذمہ داری اپنے نازک کندھوں پر نہیں اٹھائی۔
وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ اگر پیپلز پارٹی دن رات مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر حملے کرے گی تو ہم انہیں پھولوں کے ہار نہیں پہنائیں گے۔ ان کے مطابق، یہ ن لیگ کی قیادت اور پارٹی کی اعلیٰ ظرفی ہے کہ ذاتی حملوں کے باوجود خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے۔
عظمیٰ بخاری نے واضح کیا کہ سندھ پاکستان کا حصہ ہے، کسی وڈیرے کی ذاتی ملکیت نہیں، اسے بار بار “سندھو دیش” کہنا ملک دشمنی کے مترادف ہے۔






