اسلام آباد: کالعدم تنظیم کے ہتھیار ڈالنے والے دہشت گرد سرفراز بنگلزئی نے کہا ہے کہ کالعدم بی ایل اے کو بیرون ملک سے فنڈنگ ملتی ہے اور یہ گروپ عوام کی ہمدردیوں کے لیے کہانیاں بڑھا چڑھا کر پیش کرتا ہے۔
سرفراز بنگلزئی نے بتایا کہ دہشت گرد عناصر نوجوانوں کی ذہن سازی کرتے ہیں اور بیرونی ممالک کی ایجنسیاں انہیں سپورٹ فراہم کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن پروپیگنڈا میں آکر انہوں نے اپنے بچے اور ساتھی کھوئے، جبکہ دہشت گرد گروپ افغانستان میں روپوش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو کیمپوں میں منتقل کر کے تربیت دی جاتی ہے اور والدین کو چاہیے کہ اپنے بچوں پر کڑی نظر رکھیں۔ سرفراز بنگلزئی نے خبردار کیا کہ جذبات میں آ کر تحریک میں شامل ہونے والے بعد میں پچھتاتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کالعدم تنظیمیں لوگوں کو مار کر الزام ریاست پر لگاتی ہیں اور لیویز کے لاپتا اہلکاروں کے لیے بلوچ تنظیمیں آواز نہیں اٹھاتیں۔ سرفراز بنگلزئی نے قبائلی سرداروں پر زور دیا کہ وہ عوام کو حقیقت سے آگاہ کریں۔






