لاہور میں پولیس نے تحریک لبیک پاکستان کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے دفاتر اور اسٹورز پر چھاپے مارے۔ کارروائی حساس انٹیلی جنس رپورٹ پر انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت کی گئی۔
چھاپوں میں سی ٹی ڈی، ایس پی آپریشنز اور مقامی تھانوں کی ٹیمیں شامل تھیں جبکہ مجسٹریٹ نے کارروائی کی نگرانی کی۔ پولیس نے اسلحہ، موبائل فونز، لیپ ٹاپس، ہارڈ ڈرائیوز، سوشل میڈیا ڈیٹا، دستاویزات، چندہ رجسٹر اور تنظیمی مواد قبضے میں لے لیا۔
ذرائع کے مطابق ضبط ریکارڈ میں ویڈیوز، رابطے اور پارٹی لٹریچر بھی شامل ہے۔ فرانزک ٹیم کو مواد بھجوانے کی ہدایات جاری کردی گئیں۔
کارروائی میں بھاری مقدار میں قیمتی سامان بھی برآمد ہوا، جن میں سونا 1922.5 گرام اور چاندی 898 گرام شامل ہیں۔ طلائی زیورات میں چوڑیاں، کڑے، ہار، چین، بریسلٹ اور انگوٹھیاں شامل ہیں۔
69 قیمتی گھڑیاں اور دیگر 72 اشیا بھی ملی ہیں۔ غیر ملکی کرنسی میں انڈین روپے، یورو، ریال، پاونڈز، ہانگ کانگ ڈالر، درہم، کینیڈین ڈالر، ملائشیائی کرنسی، یو ایس ڈالر اور عراقی دینار شامل ہیں۔ مجموعی مالیت تقریباً 7 کروڑ 17 لاکھ 65 ہزار روپے بتائی جا رہی ہے۔






