سپن بولدک میں پاک فوج کی جوابی کارروائی، افغان طالبان کے حملے ناکام، 20 ہلاک

0
582

راولپنڈی: پاک فوج نے چمن کے علاقے سپن بولدک میں افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے حملوں کو ناکام بناتے ہوئے 15 سے 20 جنگجو ہلاک کر دیے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق افغانستان کی جانب سے بلوچستان کے سپن بولدک میں 4 مختلف مقامات پر حملے کیے گئے، تاہم پاک فوج کی بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی نے حملہ آوروں کو پسپا ہونے پر مجبور کر دیا۔

ترجمان نے بتایا کہ دہشت گرد دیہات اور عام شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کر رہے تھے، جبکہ انہوں نے پاک افغان دوستی گیٹ کو اپنی طرف سے دھماکے سے اڑا دیا، جو ان کی تجارتی و قبائلی روابط کے بارے میں کمزور سوچ کو ظاہر کرتا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے کی صورتحال تاحال کشیدہ اور غیر یقینی ہے، اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ طالبان اور فتنہ الخوارج مزید حملوں کی تیاری میں ہیں، اور یہ کارروائی سپن بولدک تک محدود نہیں بلکہ ایک بڑے منصوبے کا حصہ تھی۔

بیان کے مطابق گزشتہ رات بھی کرم سیکٹر میں حملے کی کوشش ناکام بنائی گئی، جس میں افغان طالبان کی 8 پوسٹیں اور 6 ٹینک عملے سمیت تباہ کیے گئے جبکہ 25 سے 30 جنگجو مارے جانے کی اطلاعات ہیں۔

ترجمان پاک فوج نے طالبان حکومت کے اس دعوے کو بے بنیاد قرار دیا کہ حملہ پاکستان نے کیا تھا، اور کہا کہ ان کے بیانات معمولی حقائق سے بھی غلط ثابت ہو جاتے ہیں۔

آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ پاکستانی مسلح افواج ملکی خودمختاری کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں، اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا