بلوچستان کے ضلع پنجگور میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے بلوچستان اسمبلی کے رکن رحمت صالح بلوچ کے بھائی، ولید صالح بلوچ، کو قتل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ گھر کے باہر پیش آیا جہاں حملہ آوروں نے ولید صالح بلوچ کو نشانہ بنایا۔ وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ لاش کو ضروری کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ تفتیش جاری ہے اور ملزمان کی تلاش کے لیے کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر اور ڈی آئی جی مکران سے رپورٹ طلب کرلی۔ انہوں نے ملزمان کی فوری گرفتاری اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لانے کی ہدایت کی۔
سرفراز بگٹی نے مقتول کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ متاثرہ خاندان کو انصاف دلانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔






