کابل میں طالبان وزیر خارجہ کے حالیہ دورۂ بھارت کے فوراً بعد بھارت نے افغانستان میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ فعال کر دیا۔
بھارتی وزارتِ خارجہ کے مطابق کابل میں موجود بھارت کے تکنیکی مشن کو باضابطہ طور پر سفارت خانے کا درجہ دے دیا گیا ہے، جس کا فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ سفارت خانے کی بحالی سے دو طرفہ تعلقات کو فروغ ملے گا اور افغانستان میں ترقی، انسانی امداد اور استعداد کار کے منصوبوں میں تعاون بڑھے گا۔
بھارتی حکومت کے مطابق یہ فیصلہ افغان وزیرِ خارجہ کے حالیہ دورۂ بھارت کے دوران کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد اگست 2021 میں بھارت نے کابل میں اپنا سفارت خانہ بند کر دیا تھا، تاہم ایک سال بعد محدود سطح پر تکنیکی مشن قائم کیا گیا تھا۔






