محسن نقوی کی ایرانی صدر سے اہم ملاقات

0
396

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تہران میں ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی جس میں پاک ایران تعلقات، تعاون اور خطے کی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔ وزیر داخلہ نے پاک افغان بارڈر کی صورتحال پر بریفنگ دی، جس پر ایرانی صدر نے افغانستان سے متعلق کشیدگی کم کرانے کے لیے برادرانہ کردار ادا کرنے کی پیشکش کی۔ محسن نقوی نے وزیراعظم کی جانب سے ایرانی صدر کے لیے نیک خواہشات کا پیغام بھی پہنچایا اور کہا کہ دونوں ممالک علاقائی امن و استحکام کے اہم شراکت دار ہیں۔

ایرانی صدر نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔

تہران میں محسن نقوی نے سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکرٹری علی اردشیر لاریجانی اور ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں سیکیورٹی تعاون بڑھانے، انسداد دہشتگردی، انسداد منشیات اور بارڈر مینجمنٹ پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ دونوں ممالک نے مشترکہ روابط اور تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان سیکیورٹی اور انسداد منشیات کے حوالے سے ایران کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط کرنا چاہتا ہے۔ ایرانی حکام نے دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت کو خوش آئند قرار دیا۔ محسن نقوی نے ایرانی وزیر داخلہ کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی، جس پر انہوں نے جلد اسلام آباد آنے کا اعلان کیا۔ دونوں طرف سے اس بات پر زور دیا گیا کہ علاقائی و داخلی سلامتی کے معاملات میں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانا ضروری ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا