لاہور: محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق اسلام آباد میں بارش جبکہ راولپنڈی میں بارش کے ساتھ شدید ژالہ باری ہوئی، جس سے موسم سرد ہو گیا۔
تین ماہ بعد ہونے والی بارش سے راولپنڈی میں جل تھل ایک ہوگیا اور خشک سردی کا زور ٹوٹ گیا۔ شہریوں نے جیکٹس، کوٹ اور گرم کپڑے نکال لیے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق صوبے میں 5 نومبر تک بارش کا امکان ہے، جو آلودگی کم کرنے اور ایئر کوالٹی بہتر بنانے میں مدد دے گی۔
لاہور، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، تلہ گنگ، جہلم، سرگودھا، خوشاب، گجرانوالہ، سیالکوٹ اور نارووال میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ مری اور گلیات سمیت پہاڑی علاقوں میں برف باری کا بھی امکان ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بارشوں کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئے گی اور اسموگ میں کمی واقع ہو گی۔ شہری ماسک استعمال کریں اور غیر ضروری باہر نہ نکلیں۔
ڈی جی عرفان علی کاٹھیا کے مطابق کنٹرول روم میں صورتحال کی نگرانی 24/7 کی جا رہی ہے۔ انہوں نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، جبکہ کسان اپنی سرگرمیاں موسمی حالات کے مطابق ترتیب دیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ سفر کے دوران فوگ لائٹس استعمال کریں اور ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔






