پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کراچی میں پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس کے موقع پر سعودی وزیر ٹرانسپورٹ انجینئر صالح بن ناصر الجاسر سے ملاقات کی۔
ملاقات میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس کے شعبوں میں شراکت داری کو مزید مضبوط کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے پاکستان میں سڑکوں کے نیٹ ورک اور سرمایہ کاری کے مواقع پر بریفنگ بھی دی۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ اسٹریٹجک میوچوئل ڈیفنس ایگریمنٹ (ایس ایم ڈی اے) سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم۔6، ایم۔10، ایم۔13 اور ایم این جے سی جیسے منصوبے سرمایہ کاری کے لیے پرکشش مواقع فراہم کرتے ہیں، جبکہ مانسہرہ–ناران–جھال کنڈ شاہراہ سیاحت کے اعتبار سے انتہائی منافع بخش ثابت ہو سکتی ہے۔
انہوں نے سعودی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے بڑے انفراسٹرکچر منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی۔
سعودی وزیر ٹرانسپورٹ نے عبدالعلیم خان کو سعودی عرب کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی میری ٹائم آرگنائزیشن کے انتخابات میں سعودی عرب پاکستان کی حمایت کا خواہاں ہے۔






