قطر کا افغان امن عمل میں اہم کردار، مذاکرات کی راہ ہموار ہوئی: صدر زرداری

0
412

دوحہ: صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ قطر نے خطے میں امن کے لیے اہم ثالث کے طور پر کردار ادا کیا، اور اسی سہولت کاری کے باعث افغان امن عمل کی راہ ہموار ہوئی۔

قطر کے اخبار دی پیننسولا کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ خطے میں مکالمے، امن اور استحکام کے فروغ میں قطر کا کردار قابل تحسین ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور قطر کی شراکت علاقائی امن، توانائی کے تحفظ اور سماجی ترقی کے لیے اسٹریٹجک اہمیت رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور خلیجی ممالک افرادی قوت کی فراہمی، مہارت کے فروغ اور پائیدار سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھا سکتے ہیں۔

صدر نے بتایا کہ قطر نے حماس اور بین الاقوامی فریقین کے درمیان مذاکرات میں سہولت فراہم کی، جبکہ امریکہ اور طالبان کے درمیان مذاکرات کی میزبانی بھی قطر نے کی۔ ان کے مطابق قطر کی کوششوں سے افغان امن عمل کو سمت ملی اور پاکستان کے علاقائی تحفظات کے حل میں بھی مدد ملی۔

انہوں نے کہا کہ دوحہ عالمی عمل کا مقصد علاقائی و عالمی سطح پر مشترکہ امکانات پیدا کرنا ہے۔ پاکستان غربت، تعلیم اور صحت کے چیلنجز کو سماجی تحفظ اور انسانی سرمایہ کاری کے ذریعے حل کر رہا ہے۔ موسمیاتی تبدیلی براہِ راست روزگار اور روزمرہ زندگی پر اثر انداز ہو رہی ہے، اور دوحہ اعلامیے میں سماجی تحفظ اور موسمیاتی موافقت کو تسلیم کیا گیا ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے بتایا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 90 لاکھ سے زائد خاندانوں کو مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ وسیلہ تعلیم اور نشوونما پروگرام بچوں کی تعلیم اور غذائی معیار میں بہتری لا رہے ہیں، جو دوحہ اعلامیے کے ان اصولوں سے ہم آہنگ ہے جن میں یونیورسل سوشل پروٹیکشن اور جامع معاشی بحالی پر زور دیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب متاثرین کے لیے نقد امداد نے بحالی کے عمل کو تیز کیا۔ پاکستان اپنے سماجی تحفظ نظام کو موسمیاتی استحکام کے لیے مزید مضبوط بنا رہا ہے۔ بی آئی ایس پی کے ڈیجیٹل والٹس سے خواتین کی مالی خودمختاری میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ہم ایسا پاکستان چاہتے ہیں جہاں خواتین بااختیار ہوں اور نوجوان باعزت روزگار حاصل کریں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا