ترکیہ نے غزہ میں فلسطینیوں کے خلاف نسلی کشی کے الزام میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔ استنبول کی عدالت نے نیتن یاہو کے علاوہ مزید 37 افراد کے گرفتاری وارنٹ بھی جاری کیے۔ ترک عدالت کے مطابق یہ افراد انسانیت کے خلاف جرائم اور غزہ میں نسل کشی کے مرتکب ہوئے ہیں۔
استنبول کے پروسیکیوٹر کے دفتر نے بیان میں کہا کہ اسرائیل کی فوج نے اکتوبر 2023 سے غزہ میں بے گناہ شہریوں، بچوں اور طبی مراکز پر منظم بم باری کی، جس میں 6 سالہ ہند رجب سمیت کئی افراد ہلاک ہوئے۔ اسرائیل نے غزہ کی پٹی میں امدادی مشن گلوبل صمود فلوٹیلا پر بھی جارحیت کی۔
ترکیہ نے غزہ جنگ کی وجہ سے اسرائیل سے اپنے سفارتی تعلقات اور تجارتی تعلقات بھی معطل کر دیے ہیں۔ وارنٹ گرفتاری ایسے وقت جاری کیے گئے جب عالمی عدالت کی جانب سے نیتن یاہو اور سابق اسرائیلی وزیر دفاع یوو گیلینٹ پر جنگی جرائم کے الزام میں وارنٹ جاری کرنے کا ایک سال مکمل ہو گیا۔






