پاکستان کی توانائی کے شعبے میں ایک مثبت پیش رفت سامنے آئی ہے، سندھ کے ضلع سانگھڑ میں واقع گمبٹ ساؤتھ بلاک ٹو سے گیس کی پیداوار میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس کی تصدیق پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) نے بھی کی ہے۔
پی پی ایل کے ترجمان کے مطابق گمبٹ ساؤتھ بلاک میں موجود جی پی ایف ٹو سے اب روزانہ 60 ایم ایم سی ایف ڈی گیس حاصل کی جا رہی ہے، جو پہلے 55 ایم ایم سی ایف ڈی تھی، یعنی یومیہ پیداوار میں 5 ایم ایم سی ایف ڈی کا اضافہ ہوا ہے۔
اسی کے ساتھ روزانہ 35 بیرل خام تیل اور ایک میٹرک ٹن ایل پی جی بھی اس بلاک سے حاصل کی جا رہی ہے۔ پی پی ایل اس بلاک میں 65 فیصد شراکت دار ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ پیداوار میں اضافہ موجودہ فیلڈ سے ہائیڈروکاربن کے زیادہ سے زیادہ حصول کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ ماہرین کے مطابق اس پیش رفت سے توانائی کے شعبے میں استحکام آئے گا اور ملکی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔






