خیبر پختونخوا کے اضلاع بنوں اور لکی مروت میں پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے مشترکہ کارروائی کے دوران 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
رپورٹ کے مطابق بنوں اور لکی مروت کے سرحدی علاقے تختی خیل/ہوید میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ضلعی پولیس اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ آپریشن شروع کیا۔ آپریشن کے دوران مقامی عوام نے پولیس کی بھرپور مدد کی جبکہ کارروائی ریجنل پولیس افسر بنوں سجاد خان کی براہِ راست نگرانی میں جاری رہی۔
آپریشن میں اب تک 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے، جبکہ پولیس کے تمام اہلکار محفوظ رہے۔
علاقہ مکینوں نے کہا کہ عوام کی بڑی تعداد پولیس کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور امن کے قیام کے لیے خیبر پختونخوا پولیس کے جوانوں کی حمایت جاری رہے گی۔
ریجنل پولیس افسر بنوں سجاد خان نے کہا کہ امن و امان کی بحالی اور شہریوں کی حفاظت کے لیے خیبر پختونخوا پولیس ہمیشہ تیار ہے۔
آئی جی پی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے بھی بنوں اور لکی مروت پولیس کو کامیاب کارروائی پر مبارکباد دی۔






