سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ کی تقسیم ناممکن ہے، صوبہ کوئی کیک نہیں کہ اسے بانٹ دیا جائے۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبہ توڑنے کی باتیں بے بنیاد ہیں اور 27ویں ترمیم میں بلدیات سے متعلق کوئی شق شامل نہیں تھی۔
مصطفیٰ کمال کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے رہنما بانی متحدہ کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے صوبہ توڑنے کی باتیں کر رہے ہیں۔ متحدہ اپنی مردہ سیاست میں جان ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے اور چاہتی ہے کہ ہم جذباتی ردعمل دیں، جبکہ وہ ہمیشہ اقتدار میں رہنا چاہتے ہیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ ایم کیو ایم کی سیاست کے ہتھکنڈے اب ناکام ہو چکے ہیں اور وہ بلدیاتی انتخابات سے جان بوجھ کر اس لیے بھاگے کیونکہ انہیں شکست کا یقین تھا۔
انہوں نے کہا کہ آئینی عدالتوں کا ذکر میثاقِ جمہوریت میں بھی موجود ہے اور کوئی بھی مقدس گائے نہیں، پیپلز پارٹی نے کوئی شق خفیہ طور پر قبول نہیں کی۔






