کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی سول آرمڈ فورسز کے دفاعی آلات کی مرمت، اضافی فنڈز کی فراہمی اور دفاعی خدمات کے مختلف منصوبوں کے لیے سپلیمنٹری گرانٹس کی منظوری دے دی گئی۔
وزیر خزانہ اورنگزیب کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں سول آرمڈ فورسز کے دفاعی آلات کی مرمت کے لیے 10 کروڑ 3 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ فورسز کے لیے مزید 84 کروڑ 15 لاکھ 60 ہزار روپے فراہم کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔
وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق دفاعی خدمات کے منصوبوں کے لیے 50 ارب روپے کی تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ منظور کی گئی۔ اجلاس میں پاسکو کے خاتمے اور اس کے لیے خصوصی ادارہ قائم کرنے کی اجازت بھی دی گئی، جبکہ ایس پی وی کا ابتدائی سرمایہ 10 لاکھ روپے مقرر کیا گیا۔
ای سی سی نے پیٹرولیم ڈویژن کی سمری منظور کرتے ہوئے آف شور آئل اینڈ گیس بلاکس کی لائسنس مدت میں توسیع اور ورکنگ انٹرسٹ کے معاملات کی بھی منظوری دی۔ اسی طرح غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے نئی مراعاتی تجاویز منظور کی گئیں۔
وزارت خزانہ کے مطابق منظور شدہ رقوم تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ کے طور پر داخلی سلامتی، بارڈر کنٹرول اور امن و امان کے لیے فراہم کی جائیں گی۔






