اسلام آباد: مالی سال 2023-24 کے دوران بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی غفلت کے باعث 30 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے ان حادثات کی ذمہ داری لیسکو، فیسکو اور گیپکو پر عائد کرتے ہوئے مجموعی طور پر 5 کروڑ 75 لاکھ روپے جرمانہ لگا دیا۔
نیپرا کے فیصلے کے مطابق لیسکو کو 3 کروڑ روپے، گیپکو کو 1 کروڑ 75 لاکھ روپے جبکہ فیسکو کو 1 کروڑ روپے کا جرمانہ کیا گیا ہے۔ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ یہ اموات بروقت اور مؤثر حفاظتی اقدامات سے روکی جا سکتی تھیں، تاہم ضروری حفاظتی انتظامات نہ ہونے کے باعث متعدد مہلک حادثات پیش آئے۔
تحقیقات میں سامنے آیا کہ لیسکو کے علاقے میں 13، گیپکو میں 9 اور فیسکو میں 8 افراد حادثات کا شکار ہوئے۔ تینوں کمپنیاں شوکاز نوٹسز کے جواب میں اتھارٹی کو مطمئن کرنے میں بھی ناکام رہیں۔
نیپرا نے کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ مستقبل میں حادثات کی روک تھام کے لیے سخت اور مؤثر حفاظتی اقدامات ہر صورت یقینی بنائے جائیں۔






