باغ میں دانش اسکول کے سنگِ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مئی میں بھارت سے جنگ کے دوران پاکستان کی افواج نے چار دن میں زوردار جواب دیا۔ ان کے مطابق امریکی صدر اور کانگریس رپورٹس نے بھی پاکستان کی کامیابی کی تصدیق کی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاک فضائیہ کے شاہینوں اور بری افواج نے دشمن کے اندر تک کارروائیاں کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل کی قیادت نے جنگ میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان جلد معاشی میدان میں بھی کامیابی حاصل کرے گا۔
تقریب میں شہباز شریف نے کہا کہ دانش اسکولوں کا سفر پنجاب سے شروع ہوا تھا اور اب پورے ملک میں پھیل رہا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ باغ میں قائم ہونے والا دانش اسکول 23 مارچ 2026 تک مکمل کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ دانش اسکول جدید سہولیات، ڈیجیٹل لائبریریز اور اسمارٹ بورڈز سے آراستہ ہوں گے۔ ان کے مطابق ان اداروں میں داخلے اور تقرریاں مکمل میرٹ پر ہوتی ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر کی کمیٹی اور حکومتی وفد کے فیصلوں پر مکمل عمل کیا جائے گا۔ انہوں نے نومنتخب وزیراعظم آزاد کشمیر سے کہا کہ بہترین گورننس کا معیار قائم کریں۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر آزادی چاہتے ہیں اور پاکستان سفارتی سطح پر ان کی آواز بلند کرتا رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیریوں کے حقوق کے لیے ہر فورم پر مؤقف اٹھائے گا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ پاک فوج سرحدوں کی محافظ ہے۔ وہ دن ضرور آئے گا جب کشمیریوں کو حقِ خود ارادیت ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے دانش اسکول کا تحفہ دے کر کشمیر کے دورے کو یادگار بنا دیا ہے اور امید ہے وفاق اپنے وعدوں پر عمل کرے گا۔






