وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کا آئی ایم ایف سے اسٹاف لیول ایگریمنٹ ہوچکا ہے اور معیشت صحیح سمت میں آگے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ برآمدات میں 5 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ آئی ٹی سیکٹر اور ترسیلات زر میں بھی بہتری آ رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت ڈھانچہ جاتی اصلاحات پر کام کر رہی ہے اور نجی شعبے کی تجاویز کو اہمیت دی جا رہی ہے۔ وزیراعظم نے ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ سرچارج ختم کرنے کی ہدایت بھی کر دی ہے، جس کی سمری کابینہ کو بھجوا دی گئی ہے۔
وزیرِ خزانہ نے مزید بتایا کہ جلد پانڈا بانڈ کا اجرا کیا جائے گا اور این ایف سی ایوارڈ سے متعلق اجلاس آئندہ ہفتے ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پالیسی ریٹ میں کمی سے قرض ادائیگی کے بوجھ میں بھی کمی آئی ہے اور مجموعی طور پر معاشی صورتِ حال بہتر ہو رہی ہے۔





