پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے چیئرمین میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان نے امپورٹڈ موبائل فونز پر نافذ ٹیکسز کم کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں، جس کی صدارت سید نوید قمر نے کی، موبائل فونز پر ٹیکسز کے معاملے کو آئندہ اجلاس تک مؤخر کر دیا گیا اور چیئرمین ایف بی آر کو بھی طلب کیا گیا۔
رکن کمیٹی علی قاسم گیلانی نے کہا کہ امپورٹڈ موبائلز سے متعلق مسائل صرف اوورسیز کے نہیں بلکہ لاکھوں پاکستانیوں کے لیے بھی اہم ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بیرون ملک سے لائے گئے فونز پر دوبارہ ٹیکس عائد کیا جاتا ہے اور یہ اتنا زیادہ ہے کہ لوگ غیر قانونی راستے اختیار کر رہے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی اے نے وضاحت دی کہ ٹیکسز کا نفاذ ایف بی آر کرتا ہے اور پی ٹی اے کا کوئی کردار نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو فیصلہ کرنا چاہیے کہ پرانے موبائلز پر کم ٹیکس لگایا جائے تاکہ صارفین پر بوجھ کم ہو۔





