پاکستان اور کرغزستان نے دو طرفہ تعاون کے فروغ کے لیے مختلف شعبوں میں 15 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں، جبکہ پاکستان نے آئندہ دو سال میں باہمی تجارتی حجم 15 ملین سے بڑھا کر 200 ملین ڈالر تک پہنچانے کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں معاہدوں کے تبادلے کی تقریب ہوئی جس میں کرغزستان کے صدر صادر ژاپاروف اور وزیراعظم شہباز شریف نے شرکت کی۔
تقریب میں بشکیک اور اسلام آباد کو جڑواں شہر قرار دینے کا معاہدہ ہوا۔ اس کے علاوہ کان کنی، جیوسائنسز، سیاحت، توانائی، ثقافت، تعلیم، نوجوانوں کے امور، قانونی تعاون اور سزا یافتہ قیدیوں کے تبادلے سمیت متعدد شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ کیا گیا۔
پاکستان فارن سروسز اکیڈمی اور کرغزستان ڈپلومیٹک اکیڈمی کے درمیان بھی تعاون کی یادداشت پر دستخط کیے گئے جبکہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور کرغزستان کے وزیر خارجہ نے دستاویزات کا تبادلہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان ہمیشہ سے برادرانہ تعلقات رہے ہیں اور دونوں ممالک ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر ژاپاروف دو دہائیوں بعد پاکستان کا دورہ کرنے والے پہلے کرغز صدر ہیں، جو دونوں ممالک کے تعلقات کے لیے اہم قدم ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مذاکرات میں توانائی، تجارت، علاقائی روابط اور عالمی امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی ہے اور دونوں ملک تعاون کو نئی سطح تک لے جانے پر متفق ہوئے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ 15 معاہدے اہم پیشرفت ہیں اور پاکستان-کرغزستان بزنس فورم اقتصادی تعاون کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔
شہباز شریف نے اعلان کیا کہ دونوں ممالک کے تجارتی حجم کو دو سال میں 15 ملین سے بڑھا کر 200 ملین ڈالر تک لے جایا جائے گا۔
صدر کرغزستان صادر ژاپاروف
صدر صادر ژاپاروف نے پاکستان کی جانب سے شاندار استقبال پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان کرغزستان کا قابل اعتماد دوست اور جنوبی ایشیا میں اہم شراکت دار ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کی پالیسیوں کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کاسا 1000 منصوبہ پاکستان کی توانائی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
صادر ژاپاروف کے مطابق اس وقت 12 ہزار پاکستانی طلبہ کرغزستان میں زیر تعلیم ہیں اور دونوں ممالک تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی سمیت متعدد شعبوں میں تعاون بڑھانے کے خواہشمند ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ملک دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور عالمی امور پر یکساں مؤقف رکھتے ہیں۔ تقریب کے آخر میں صدر ژاپاروف نے وزیراعظم شہباز شریف کو کرغزستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔






