ڈی ایس پی عثمان حیدر کی بیوی اور بیٹی کے اغوا کا معاملہ حل ہو گیا، اور تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ خود ڈی ایس پی عثمان حیدر ہی قاتل تھا۔
ڈی آئی جی ذیشان رضا نے تصدیق کی کہ عثمان حیدر نے بیوی اور بیٹی کو فائرنگ کر کے قتل کیا اور اس ضمن میں اعتراف کر لیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈی ایس پی عثمان حیدر نے ایک ماہ قبل بیوی اور بیٹی کے اغوا کی ایف آئی آر تھانہ برکی میں درج کرائی تھی۔
تحقیقات کے مطابق عثمان حیدر کی بیٹی کی لاش کاہنہ اور بیوی کی لاش شیخوپورہ سے برآمد کر لی گئی ہے۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا اور ملزم سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ڈی ایس پی عثمان حیدر نے گھریلو ناچاقی کی وجہ سے اپنی بیوی اور بیٹی کو قتل کیا۔ عثمان حیدر کی دو شادیاں تھیں، مقتولہ ان کی پہلی بیوی تھی، اور دوسری شادی کے بعد گھریلو جھگڑے شدت اختیار کر گئے تھے۔ تفتیش مزید حقائق سامنے لائے گی۔






