اسلام آباد: قطر کے ملٹری اتاشی بریگیڈیئر جنرل عبدالہادی محمد ارحیب الحاجری نے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور قطر کے درمیان دفاعی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان وزارت دفاع کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دفاع اور دیگر شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر گفتگو ہوئی۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ قطر خطے میں ایک کلیدی کردار ادا کر رہا ہے اور پاکستان و قطر کے تعلقات باہمی احترام اور اعتماد پر مبنی ہیں۔
ملاقات میں دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے، بالخصوص مشترکہ فوجی مشقوں اور تربیتی پروگرامز بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ پاکستانی عسکری ادارے قطری افواج کو تربیتی سہولیات فراہم کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
ترجمان کے مطابق قطری ملٹری اتاشی نے دفاعی تعاون کے موجودہ دائرہ کار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مستقبل میں تعاون مزید بڑھانے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔






