اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر ایف بی آر نے اسلام آباد میں جائیدادوں پر نئی ویلیو ایشن معطل کر دی ہے اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
ایف بی آر کے مطابق ملک بھر میں ویلیو ایشن ٹیبلز 29 اکتوبر 2024 کو نظر ثانی کی گئی تھیں، تاہم اسلام آباد میں زیر التوا شکایات کے باعث عمل مؤخر رہا۔ اسلام آباد کے لیے 8 دسمبر 2025 کو ایس آر او جاری کیا گیا تھا، جسے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز اور رئیل اسٹیٹ سیکٹر نے حقیقی مارکیٹ ریٹس سے زیادہ قرار دے کر مسترد کیا۔
وزیراعظم کی ہدایت پر ایف بی آر نے عوام اور رئیل اسٹیٹ سیکٹر کے اعتراضات کا جائزہ لیا اور بعض کو درست قرار دیا۔ اس کے بعد اسلام آباد کے لیے ویلیو ایشن ٹیبل کی دوبارہ جانچ اور نئے تعین کا فیصلہ کیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ایس آر او 2392(1)/2025 کو 31 جنوری 2026 تک یا نظرثانی شدہ ایس آر او کے اجرا تک معطل رکھا جائے گا۔






