وزیراعظم شہباز شریف سے انڈر 19 ایشیا کرکٹ کپ جیتنے والی پاکستانی ٹیم نے ملاقات کی، جس کے دوران وزیراعظم نے تمام کھلاڑیوں کے لیے ایک ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا۔
وزیراعظم نے نوجوان کھلاڑیوں کے اعزاز میں ظہرانہ دیا اور بھارت کے خلاف شاندار کامیابی پر ٹیم اور مینجمنٹ کو مبارکباد دی۔ ملاقات میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی اور وفاقی وزراء بھی موجود تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ میں نے خود دیکھا کہ ٹیم نے جس جوش و جذبے سے میدان میں مقابلہ کیا، اس کی مثال نہیں ملتی۔ مجھ سمیت پوری قوم کو آپ پر فخر ہے اور امید ہے کہ آپ اپنی کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے آپ بہت جلد انڈر 19 ورلڈ کپ بھی پاکستان لائیں گے۔ چیئرمین پی سی بی کو ہدایت ہے کہ تمام کھلاڑیوں کا بھرپور خیال رکھا جائے کیونکہ آپ میں سے کئی کھلاڑی مستقبل میں قومی ٹیم کا حصہ بنیں گے۔
ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہیڈ کوچ شاہد انور نے بتایا کہ اس عمل کا آغاز 17 جون 2025 کو ہوا، جس میں 70 نوجوان کھلاڑیوں کے ٹرائلز لیے گئے۔ بعد ازاں 30 کھلاڑیوں کا کیمپ لگایا گیا۔ ایشیا کپ سے قبل ہمارا ہدف کپ جیتنے کے ساتھ ساتھ شائقین کے دل جیتنا تھا۔
سابق کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ وزیراعظم نے تمام انڈر 19 کھلاڑیوں کے لیے ایک ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔ نوجوان کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف نے بے پناہ محنت کی، جس کا صلہ ملا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ ٹیم مستقبل میں مزید ٹرافیاں جیتے گی۔ سمیر احمد نے شاندار اننگ کھیلی جبکہ عثمان خان کے ساتھ اہم شراکت داری قائم کی۔
کپتان فرحان یوسف نے کہا کہ مینجمنٹ نے ہمیں مکمل سپورٹ دی۔ ایشیا کپ میں کامیابی تمام کھلاڑیوں کی مشترکہ کوشش کا نتیجہ ہے۔ ہمیں کہا گیا کہ اپنی نیچرل گیم کھیلیں، نتیجہ ہمارے حق میں آیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ ایشیا کپ میں انفرادی کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہیں ہوسکے، تاہم ورلڈ کپ میں بہتر پرفارمنس دینے کی کوشش کریں گے۔ ٹیم میں کسی کھلاڑی کا مورال ڈاؤن نہیں ہوا اور سب پراعتماد تھے۔
اسٹار بلے باز سمیر منہاس نے کہا کہ پلان سادہ تھا، وکٹ پر وقت گزارنا اور اپنی کرکٹ کھیلنا تھا۔ بھارت کے خلاف میچ میں کوئی دباؤ نہیں تھا، مقصد صرف ٹیم کے لیے رنز بنانا تھا۔
سرفراز احمد نے کہا کہ یہ ایک بڑا میچ تھا جس میں کھلاڑیوں نے بڑا اسکور کیا، جو ٹیم ورک کے بغیر ممکن نہیں تھا۔ انہوں نے بھارتی ٹیم کے رویے کو غیر مناسب قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں کو ہمیشہ اسپورٹس مین اسپرٹ دکھانے کی ہدایت کی گئی تھی۔





