اسلام آباد/شکرپڑیاں: شکرپڑیاں کے قریب اوپن ایئر تھیٹر کے قریب فائرنگ کے واقعے میں 30 سالہ شخص ثناء اللہ ولد امیر نواب عمر جاں بحق جبکہ ایک پولیس کانسٹیبل زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق نامعلوم مسلح شخص نے قربت سے فائرنگ کی اور موقع سے فرار ہو گیا۔ مقتول کو گولی کے شدید زخم آئے، اسے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکا۔ لاش پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کر دی گئی۔
فائرنگ کے دوران کانسٹیبل حسین شاہ جو چیکنگ ڈیوٹی پر تعینات تھے، دائیں ٹانگ پر گولی لگنے سے زخمی ہو گئے۔ انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت مستحکم بتائی گئی۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق حملہ آور نے شال اوڑھ کر مقتول کا پیچھا کیا اور انٹری پوائنٹ سے 10-15 میٹر پہلے فائرنگ کی۔ ذاتی دشمنی کو ممکنہ وجہ قرار دیا جا رہا ہے، تاہم تمام پہلوؤں کی تحقیقات جاری ہیں۔
واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر فرانزک ثبوت جمع کیے اور ملزم کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ ملوث افراد کی شناخت اور گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور سخت کارروائی کا عندیہ دیا گیا ہے۔






