سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بھارتی حمایت یافتہ چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز نے ضلع قلات میں دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر کارروائی کی۔ یہ دہشت گرد بھارتی پراکسی تنظیم کے لیے کام کر رہے تھے اور علاقے میں تخریبی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ کارروائی کے نتیجے میں چاروں دہشت گرد مارے گئے۔
سکیورٹی فورسز نے ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا۔ ذرائع کے مطابق یہ دہشت گرد متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث رہے تھے۔
علاقے میں ممکنہ طور پر دیگر دہشت گردوں کی موجودگی کے پیش نظر سرچ آپریشن جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رہیں گی۔





