بھارت کے شہر لکھنو میں پالتو کتے کی بیماری کے باعث ذہنی دباؤ کا شکار دو بہنوں نے مبینہ طور پر خودکشی کر لی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ لکھنو کے علاقے ڈوڈا کھیڑا جلال پور میں پیش آیا، جہاں 26 سالہ رادھا سنگھ اور 22 سالہ جیا سنگھ نے فینائل پی کر اپنی جانیں لے لیں۔ اسپتال سے اطلاع ملنے پر پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دیں۔
پولیس اور اہلِ خانہ کے مطابق دونوں بہنوں نے حال ہی میں ایک پالتو کتا گود لیا تھا، جس سے وہ بے حد محبت کرتی تھیں۔ کتا گزشتہ ایک ماہ سے شدید بیمار تھا، جس کے باعث دونوں بہنوں کا ذہنی دباؤ مزید بڑھ گیا۔
اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ رادھا سنگھ ٹی بی کی بیماری کے باعث ڈپریشن کا شکار تھیں، جبکہ جیا سنگھ طویل عرصے سے ذہنی تناؤ میں مبتلا تھیں۔
پولیس نے لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کر دی ہیں جبکہ واقعے سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔






