امریکی آپریشن پر عالمی ردعمل، چین کا فوری رہائی کا مطالبہ

0
213

چین نے امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور وینزویلا کی حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی کوششیں بند کی جائیں۔

چینی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا کا وینزویلا پر حملہ بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے منشور کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ بیان میں صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو طاقت کے زور پر گرفتار کر کے ملک سے باہر لے جانے پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔

چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ امریکا فوری طور پر مادورو اور ان کی اہلیہ کو رہا کرے اور اس بحران کو بات چیت اور سفارتی ذرائع سے حل کیا جائے۔

دوسری جانب روس، کولمبیا اور کیوبا نے بھی وینزویلا پر امریکی حملے کی شدید مذمت کی ہے، جبکہ ایران نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے فوری کارروائی اور ذمہ داروں کو جوابدہ ٹھہرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

چلی کے صدر گیبرئیل بورک نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر آج منشیات کے نام پر وینزویلا میں یہ کارروائی کی جا سکتی ہے تو کل کسی اور ملک کی باری بھی آ سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات عالمی نظام کے لیے خطرناک مثال بن سکتے ہیں۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی امریکی کارروائی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی قانون کے ضوابط اور ریاستوں کی خودمختاری کا احترام نہیں کیا جا رہا۔

واضح رہے کہ فلوریڈا میں ایک پریس کانفرنس کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کے خلاف کرمنل چارجز عائد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ مادورو اور ان کی اہلیہ کو نیویارک منتقل کیا جا رہا ہے جہاں انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ان کی ہدایت پر امریکی فوج نے وینزویلا کے دارالحکومت میں ایک غیر معمولی آپریشن کیا، جس میں فضائی، زمینی اور بحری طاقت کا مظاہرہ کیا گیا، اور اسے امریکی فوجی صلاحیتوں کی ایک بڑی مثال قرار دیا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا