بنوں: بنوں کے علاقے ہوید میں امن کمیٹی کے ارکان پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق امن کمیٹی کے ممبران گلبدین لنڈائی ڈاک میں منعقدہ جرگے سے واپس آ رہے تھے کہ راستے میں گھات لگائے دہشت گردوں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں چار افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے اس واقعے میں جاں بحق ہونے والوں میں باپ اور بیٹا بھی شامل ہیں، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، جبکہ جاں بحق افراد کی لاشیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔






