قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تقرری پر حکومت اور اپوزیشن میں اتفاق، محمود خان اچکزئی نامزد

0
520

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف عمر ایوب کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی نشست پر نئے اپوزیشن لیڈر کی تقرری کے لیے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اتفاق ہو گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق محمود خان اچکزئی متحدہ اپوزیشن کے واحد امیدوار ہوں گے، جبکہ اسپیکر قومی اسمبلی نے ان کی بطور اپوزیشن لیڈر تقرری کی یقین دہانی کرا دی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد باضابطہ طور پر تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کریں گے۔

اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے وفد نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کر کے اپوزیشن لیڈر کے عہدے کے لیے محمود خان اچکزئی کی باضابطہ نامزدگی جمع کرائی تھی۔

پی ٹی آئی وفد میں بیرسٹر گوہر علی، اسد قیصر، عامر ڈوگر اور اقبال آفریدی شامل تھے، جبکہ وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔

بعد ازاں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جمعرات تک قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا تقرر ہو جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسپیکر کے پاس مکمل اختیار ہے اور وہ جب چاہیں نوٹیفکیشن جاری کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تقرری کے بعد سینیٹ میں بھی اپوزیشن لیڈر کا تقرر ہو جائے گا۔

بیرسٹر گوہر علی نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی میں کوئی فارورڈ بلاک موجود نہیں، بانی پی ٹی آئی چیئرمین تھے، ہیں اور رہیں گے، اور عمران خان کے فیصلے کو کوئی سیاسی کمیٹی تبدیل نہیں کر سکتی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا