اسلام آباد: حکومتِ پاکستان اور جاپان کے درمیان بچوں کی صحت کی سہولیات بہتر بنانے کے لیے گرانٹ معاہدے پر دستخط ہو گئے ہیں، جس کے تحت جنوبی پنجاب میں بچوں کی طبی دیکھ بھال کے منصوبوں کو فروغ دیا جائے گا۔
ترجمان وزارتِ اقتصادی امور کے مطابق جاپانی حکومت جنوبی پنجاب میں بچوں کی صحت سے متعلق سہولیات کے لیے فنڈز فراہم کرے گی۔ جاپانی انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کی جانب سے 2.91 ارب جاپانی ین، جو تقریباً 18.62 ملین امریکی ڈالر بنتے ہیں، بطور گرانٹ دیے جائیں گے۔
ترجمان نے بتایا کہ منصوبے کے تحت چلڈرن ہسپتال اور انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ ملتان کو طبی سہولیات کے لحاظ سے اپ گریڈ کیا جائے گا۔ آئی سی ایچ ملتان خطے کا سب سے بڑا ٹرشری کیئر چلڈرن ہسپتال ہے، جہاں سہولیات کو مزید مؤثر اور جدید بنایا جائے گا۔
ایکسچینج آف نوٹس پر پاکستان کی جانب سے سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم جبکہ جاپان کی جانب سے پاکستان میں تعینات سفیر اکا ماتسو شوئچی نے دستخط کیے۔
اس موقع پر سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم نے جاپانی حکومت اور عوام کی قیمتی معاونت کو سراہتے ہوئے کہا کہ منصوبے کے کامیاب نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی اور دونوں ممالک کے درمیان بامعنی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔
جاپانی سفیر اکا ماتسو شوئچی نے کہا کہ حکومتِ پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھا جائے گا اور دوستانہ تعلقات کے ساتھ دوطرفہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔






