وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشتگردوں کے لیے کوئی جگہ نہیں اور ہمارا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاست کی رٹ ہر صورت قائم کی جائے گی اور کرپشن مافیا و کرپٹ ٹھیکیداروں سے عوام کو نجات دلائی جائے گی۔
بارکھان میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ رکھنی کو میونسپل کمیٹی کا درجہ دیا جا رہا ہے، جس کا نام ڈیرہ کھیتران ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کر رہے ہیں اور ترقیاتی عمل میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ قومیں کردار سے بنتی ہیں، اب وقت ہے کہ قلم کو ہتھیار، علم کو طاقت اور محنت کو اپنی پہچان بنایا جائے۔ انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپس میں بھائی ہیں، تھے اور رہیں گے، اور کوہِ سلیمان کے پہاڑ اس بات کے گواہ رہیں گے کہ اس دور کے نوجوانوں نے مایوسی کا راستہ اختیار نہیں کیا۔
وزیراعلیٰ نے تنقید کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ تنقید ضرور کریں، مگر سچ کے ساتھ کریں۔ انہوں نے رکھنی میں پریس کلب کے قیام کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ اپنا سر ہمیشہ بلند رکھیں، جیسے کوہِ سلیمان سر بلند ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹیز قائم کی گئیں اور انہیں فنڈز فراہم کیے گئے، جو فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا تصور تھا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاکستان نے معرکۂ حق میں دشمن کو شکست دی اور یہ ایک عظیم ریاست ہے جس نے ہمیں ترقی کے تمام مواقع فراہم کیے۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ ہم لاحاصل جنگ کا حصہ نہیں بنیں گے، ہماری بقا پاکستان کے ساتھ ہے۔ ہم پاکستان کے لیے جان دینے کو تیار ہیں، لیکن کسی منفی پروپیگنڈے کا حصہ نہیں بنیں گے۔
خطاب کے اختتام پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ جو وعدہ کرتے ہیں اسے پورا کرتے ہیں۔ انہوں نے رکھنی میں 50 بیڈز کے ہسپتال، ماڈل بازار اور ایک جدید اسپورٹس کمپلیکس کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کمیشن مافیا سے عوام کی جان چھڑائے گی اور ترقی کے ثمرات عام آدمی تک پہنچائے گی۔






