اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے الیکٹرک بسوں کے ڈپو اور چارجنگ سینٹر کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔
تقریب کے موقع پر وزیر داخلہ نے متعلقہ افسران کے ہمراہ الیکٹرک بس میں سفر بھی کیا اور منصوبے کے مختلف پہلوؤں پر بریفنگ لی۔ انہیں ڈپو کی گنجائش، چارجنگ سسٹم اور آپریشنل امور کے بارے میں تفصیلی آگاہ کیا گیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے منصوبے کی کامیاب تکمیل پر پوری ٹیم کو مبارکباد دی اور کہا کہ اسلام آباد کے ایک لاکھ پچیس ہزار شہری روزانہ ان بسوں سے استفادہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یومیہ مسافروں کی تعداد ڈھائی لاکھ تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ طلبہ و طالبات کے روٹس کا خصوصی خیال رکھا جا رہا ہے، جبکہ الیکٹرک بس سروس کو راوت تک توسیع دینے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میٹرو سروس کے ساتھ الیکٹرک بسوں کا نظام ٹریفک مسائل کے حل میں مددگار ثابت ہو رہا ہے۔ مزید برآں پنڈی۔اسلام آباد ریلوے سروس کی بحالی پر بھی کام جاری ہے، جبکہ ایچ آئی ٹی پاکستان میں الیکٹرک بسوں کی مقامی تیاری شروع کرنے جا رہا ہے۔





