پاکستان عزت کے ساتھ امن کا خواہاں ہے، فضائیہ قوم کی توقعات پر پورا اترے گی: ایئر چیف

0
490

راولپنڈی:سربراہ پاک فضائیہ ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے جو عزت کے ساتھ امن کا خواہاں ہے، تاہم ملکی خودمختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کی ساتویں سالگرہ کے موقع پر پاک فضائیہ ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف نے کہا کہ سات سال قبل دشمن نے پاکستان کی خودمختاری کو چیلنج کیا لیکن پاک فضائیہ نے نپی تلی اور مؤثر کارروائی کے ذریعے بھرپور جواب دیا۔

انہوں نے کہا کہ دشمن نے ہمیشہ کی طرح جھوٹے بیانیے کی بنیاد پر پاکستان کی صلاحیت اور عزم کا غلط اندازہ لگایا۔ رات کی تاریکی میں کی گئی کارروائی کے جواب میں پاک فضائیہ نے دن کی روشنی میں اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا عملی مظاہرہ کیا۔

ایئر چیف مارشل کا کہنا تھا کہ مئی 2025 میں بھی جب جارح دشمن نے دوبارہ خودمختاری کو چیلنج کیا تو پاکستان کا ردعمل دشمن کی توقعات سے کہیں زیادہ مؤثر اور حیران کن تھا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاک فضائیہ نے تاریخ میں پہلی بار مکمل دائرہ کار پر مبنی کثیر جہتی آپریشنز کامیابی سے انجام دیے، جن کے دوران دشمن کے کئی جدید طیاروں کو مار گرایا گیا، جن میں رافیل، ایس یو-30 ایم کے آئی، میراج-2000، مگ-29 اور بغیر پائلٹ فضائی نظام شامل تھے۔

ایئر چیف کے مطابق پاک فضائیہ نے دشمن کے علاقے میں گہرائی تک جا کر عسکری تنصیبات اور فضائی دفاعی نظام کو بھی نشانہ بنایا۔

آخر میں انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ایئر فورس قوم کی توقعات پر پورا اترتی رہے گی اور ملک کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا