امریکا اور اسرائیل کا ایران پر مشترکہ حملہ، تہران سمیت کئی شہروں میں دھماکے؛ ایران کا اسرائیل پر جوابی میزائل حملہ

0
3857

امریکا اور اسرائیل نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ایران کے مختلف شہروں کو نشانہ بنایا ہے، جن میں دارالحکومت تہران بھی شامل ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق تہران کے شمالی اور مشرقی علاقوں میں متعدد دھماکے سنے گئے۔

تہران اور دیگر شہروں میں حملے

غیر ملکی خبر ایجنسیوں کے مطابق اسرائیلی حملوں میں تہران کے مہرآباد ایئرپورٹ کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ اس کے علاوہ سیستان، اصفہان، قم، کرج، کرمان شاہ، لورستان اور تبریز میں بھی دھماکوں کی اطلاعات ہیں۔

ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایرانی صدارتی محل اور سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے کمپاؤنڈ کے قریب سات میزائل گرے۔ حملوں میں متعدد شہریوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ایران نے اپنی فضائی حدود بند کر دی ہیں۔ عراق نے بھی فضائی ٹریفک معطل کر دی ہے۔

امریکا کا مؤقف

ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’سوشل ٹروتھ‘ پر جاری ویڈیو بیان میں کہا کہ امریکا نے ایران کے خلاف بڑا فوجی آپریشن شروع کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل نہیں کر سکتا، اور امریکا ایران کے میزائل نظام اور میزائل انڈسٹری کو تباہ کر دے گا۔

ایک امریکی عہدیدار کے مطابق ایران کے خلاف فوجی کارروائی فضا اور سمندر دونوں راستوں سے جاری ہے اور یہ آپریشن کئی روز تک جاری رہ سکتا ہے۔

اسرائیلی مؤقف

اسرائیلی وزیر دفاع نے ایران پر پیشگی حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائی اسرائیل کو درپیش خطرات کے خاتمے کے لیے کی گئی۔

اسرائیلی دفاعی حکام کے مطابق ایران پر آپریشن کا منصوبہ مہینوں پہلے تیار کیا گیا تھا جبکہ حملے کی تاریخ کا فیصلہ ہفتوں قبل کیا گیا۔

اسرائیل میں اسکول بند کر دیے گئے ہیں، شہریوں کو گھروں میں رہنے اور شیلٹرز میں جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مقبوضہ بیت المقدس میں سائرن بھی بجائے گئے۔

ایران کا جوابی حملہ

امریکی اور اسرائیلی حملوں کے بعد ایران نے بھی اسرائیل پر میزائل داغ دیے۔ اسرائیلی فوج نے ایرانی میزائل حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دفاعی نظام فعال کر دیا گیا ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایرانی میزائل اسرائیل کے شمالی علاقوں کی جانب داغے گئے، جس کے بعد شہریوں کو فوری طور پر شیلٹرز میں جانے کی ہدایت کی گئی۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کے حملوں کا جواب انتہائی سخت دیا جائے گا۔ سربراہ ایرانی پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی نے کہا کہ ان حملوں کا اختتام اب مخالفین کے اختیار میں نہیں رہا۔

ایران کا میزائل حملہ ناکام، وسطی اسرائیل میں میزائل فضائی دفاع نے مار گرایا، کوئی جانی نقصان نہیں،اسرائیل ٹائمز

اسرائیلی دفاعی ذرائع کے مطابق ایران کی جانب سے وسطی اسرائیل کی طرف داغا گیا ایک میزائل فضائی دفاعی نظام نے فضا میں ہی تباہ کر دیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس حملے میں فوری طور پر کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

دوسری جانب ایران کی طرف سے بیلسٹک میزائل داغے جانے کے بعد شمالی اسرائیل میں تازہ سائرن بجائے جا رہے ہیں۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے جبکہ دفاعی نظام مکمل طور پر فعال ہے۔

خطے میں ہنگامی اقدامات

قطر میں امریکی سفارت خانے نے اپنے اہلکاروں کو شیلٹر میں رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ روس نے ایران اور اسرائیل کے لیے اپنی پروازیں معطل کر دی ہیں جبکہ کئی ممالک پہلے ہی اپنے شہریوں کو ایران چھوڑنے کی ہدایات دے چکے تھے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا