لاہور کے علاقے کاہنہ میں دوسری شادی کے تنازع پر خاتون کی جانب سے اپنے دوست پر تیزاب پھینکنے کا واقعہ پیش آیا ہے، پولیس نے مرکزی ملزمہ کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمہ کو غلام حسین کالونی کاہنہ سے ٹریس کر کے حراست میں لیا گیا۔ ملزمہ کی گرفتاری کے لیے ایس پی ماڈل ٹاؤن شہربانو نقوی نے خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق متاثرہ شخص سفیان اور ملزمہ روبینہ بی بی کے درمیان پرانی دوستی تھی۔ چند روز قبل سفیان نے دوسری خاتون سے شادی کر لی تھی جس پر ملزمہ کو شدید رنج تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ نے 30 سالہ سفیان کو بہانے سے اپنے گھر بلایا اور اس پر تیزاب پھینک دیا جس کے نتیجے میں اس کے کپڑے اور جسم کے بعض حصے جھلس گئے۔
پولیس نے ملزمہ روبینہ بی بی کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔





