لبنانی وزیراعظم کی لبنان اور اس کے عوام پر حملوں کے فوری خاتمے کیلئے پاکستان سے تعاون کی درخواست

0
399

اسلام آباد: لبنان کے وزیراعظم نواف سلام نے لبنان اور اس کے عوام پر حملے فوری طور پر روکنے کیلئے پاکستان سے تعاون کی درخواست کی ہے۔

وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور لبنان کے وزیراعظم کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے لبنان کے خلاف اسرائیل کی جاری کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علاقائی امن کیلئے مخلصانہ کوششیں کر رہا ہے اور اسی سلسلے میں ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات میں بھی کردار ادا کر رہا ہے۔

اعلامیے کے مطابق لبنانی وزیراعظم نے پاکستان کی امن کوششوں کو سراہتے ہوئے لبنان پر حملے فوری رکوانے کیلئے تعاون طلب کیا، جبکہ دونوں رہنماؤں نے رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق لبنانی وزیراعظم کے دفتر نے کہا ہے کہ نواف سلام نے پاکستان سے درخواست کی ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والی جنگ بندی میں لبنان کی شمولیت کی تصدیق کی جائے تاکہ اسرائیلی حملوں کو روکا جا سکے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حالیہ اسرائیلی حملوں میں لبنان میں 200 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے۔

امریکا اور اسرائیل کا کہنا ہے کہ جنگ بندی میں لبنان شامل نہیں، جبکہ اسرائیل نے ایران کی حمایت یافتہ حزب اللہ کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

دوسری جانب ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے خبردار کیا ہے کہ ایران لبنان کو جنگ بندی کا لازمی حصہ سمجھتا ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا