اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف سے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملاقات کی، جس میں خطے میں پائیدار امن کے لیے پاکستان کے ثالثی کردار کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں خطے کی مجموعی صورتحال، پاکستان کی سفارتی کوششوں اور فریقین کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے کشیدگی میں حالیہ کمی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ جنگ بندی برقرار رکھیں اور تحمل کا مظاہرہ جاری رکھیں۔
ملاقات میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنا ثالثی کردار جاری رکھے گا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے فریقین کی جانب سے صبر و تحمل کے مظاہرے کو سراہا، جبکہ وزیراعظم نے امن عمل میں شامل تمام فریقین کے عزم کی بھی تعریف کی۔
مزید برآں ملاقات میں امن کی کوششوں کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا اور وزیراعظم کی جانب سے متعلقہ ممالک کے وفود کو پاکستان کے دورے کی باضابطہ دعوت کا اعادہ بھی کیا گیا۔





