پاک بحریہ نے شمالی بحیرہ عرب میں کامیاب سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے 18 افراد پر مشتمل غیر ملکی عملے کو بحفاظت بچا لیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق تجارتی بحری جہاز “ایم وی گولڈ آٹم” سے ہنگامی سگنل موصول ہونے کے بعد فوری کارروائی کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ریسکیو کیے گئے افراد میں چین، بنگلادیش، میانمار، ویتنام اور انڈونیشیا کے شہری شامل ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ پاک بحریہ کے جہاز “پی این ایس حنین” نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیاب آپریشن انجام دیا۔ جہاز پر موجود ماہر ٹیم نے نہ صرف آگ پر قابو پانے میں مدد دی بلکہ متاثرہ عملے کو فوری طبی امداد بھی فراہم کی۔
مزید بتایا گیا کہ پاک بحریہ نے جہاز کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لیا اور عملے کو محفوظ طریقے سے نکالنے میں کامیابی حاصل کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ریسکیو کیے گئے تمام افراد کو طبی سہولیات کی فراہمی کے بعد اپنے اپنے ممالک واپسی کیلئے بحفاظت کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔
بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاک بحریہ سمندر میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔





