پشاور: محمود خان اچکزئی کے مردان میں ہونے والے پاکستان تحریک انصاف کے جلسے میں شرکت نہ کرنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق محمود خان اچکزئی مردان جلسے کے حوالے سے اعتماد میں نہ لینے پر قیادت سے نالاں ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جلسے کی تاریخ کا تعین وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کیا، جبکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے جلسے اور احتجاج کی ذمہ داری محمود اچکزئی کو سونپی تھی۔
ذرائع کے مطابق رہنما عاطف خان نے محمود اچکزئی سے رابطہ بھی کیا، تاہم انہوں نے جلسے میں شرکت پر آمادگی ظاہر نہیں کی۔
دوسری جانب صوبائی وزیر مینا خان کا کہنا ہے کہ محمود اچکزئی کی مشاورت سے تمام معاملات کو آگے بڑھایا جائے گا، جبکہ مردان جلسے کے احکامات بانی پی ٹی آئی کی جانب سے جاری کیے گئے تھے۔
سیاسی حلقوں میں اس پیشرفت کو پارٹی کے اندرونی اختلافات کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔






