وزیراعظم شہباز شریف نے بجٹ میں وعدے پورے کر دیے، ایف بی آر اصلاحات تاریخی ہیں: عطا تارڑ

0
68

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بجٹ میں کیے گئے وعدے پورے کر دیے ہیں اور ایف بی آر میں تاریخی اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں۔

پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں اربوں روپے کی لیکیج موجود تھی۔ ان کے مطابق صرف شوگر انڈسٹری میں تقریباً 60 ارب روپے کی ٹیکس چوری اور ریونیو نقصان ہو رہا تھا۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ تنخواہ دار طبقہ شوگر انڈسٹری کے بوجھ کو کیوں برداشت کرے، جبکہ اصلاحات کے ذریعے ٹیکس چوری روک کر قومی خزانے میں 60 ارب روپے کے اضافی محصولات جمع کیے گئے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ماضی میں ملک کے ڈیفالٹ ہونے کی پیش گوئیاں اور شرطیں لگائی جا رہی تھیں، تاہم موجودہ حکومت نے معاشی استحکام حاصل کیا اور اب معیشت ترقی کی جانب گامزن ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ ’’اپنا گھر پروگرام‘‘ حکومت کا ایک اہم اقدام ہے جس سے تعمیرات سمیت 12 مختلف صنعتوں کو فروغ ملے گا، روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے معاشی استحکام کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے اور بین الاقوامی ادارے بھی ملکی معیشت میں بہتری کا اعتراف کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بجٹ میں عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کیا ہے جبکہ ایف بی آر میں سفارش کلچر کا خاتمہ کرکے شفافیت اور میرٹ کو فروغ دیا گیا ہے۔

عطا تارڑ نے اس بات پر زور دیا کہ ایف بی آر کی اصلاحات ملکی ٹیکس نظام کو جدید، مؤثر اور شفاف بنانے کی جانب ایک اہم اور تاریخی قدم ہیں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا