امریکا اور ایران کے درمیان جلد امن معاہدے کی امید، ایک دو روز میں اچھی خبر آ سکتی ہے: محسن نقوی

0
95

لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری تنازع جلد حل ہونے کی امید ہے اور دونوں ممالک کے درمیان صلح کا امکان روشن ہے۔

لاہور میں غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ معاہدے کے حوالے سے ایک یا دو روز میں اچھی خبر سامنے آ سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان جنگی صورتحال کا خاتمہ ہوگا اور فریقین امن کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ ان کے مطابق اس عمل میں پاکستان بھی اہم سفارتی کردار ادا کر رہا ہے اور شہباز شریف اور عاصم منیر پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ عالمی صورتحال کے باوجود حکومت نے مؤثر منصوبہ بندی کے ذریعے تیل کی قیمتوں کو مستحکم رکھا۔ ان کے بقول اگر بروقت اقدامات نہ کیے جاتے تو پیٹرول کی قیمت میں ایک ہی وقت میں تقریباً ڈھائی سو روپے فی لیٹر اضافہ ہو سکتا تھا۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے بھی کہا ہے کہ امریکا اور ایران امن معاہدے کے بہت قریب پہنچ چکے ہیں اور آئندہ 24 گھنٹوں میں معاہدے کو حتمی شکل دیے جانے کی توقع ہے۔

وزیراعظم کے مطابق پاکستان معاہدے پر الیکٹرانک دستخط کے انتظامات کی تیاری کر رہا ہے جبکہ اگلے ہفتے تکنیکی سطح کے مذاکرات بھی منعقد ہوں گے۔

انہوں نے امریکا اور ایران کی قیادت کا مذاکراتی عمل میں تعمیری کردار ادا کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ تاریخی امن معاہدہ خطے میں دیرپا امن، استحکام اور باہمی تعاون کے نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا